خبرنامہ کشمیر

پوری قوم پاک فوج کےساتھ مل کرنریندرمودی کےعزائم کوناکام بنائےگی، ترابی

اسلام آباد:(اے پی پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون سازاسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر نریندر مودی کے خطرناک عزائم کو ناکام بنائے گی،کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں بلدیاتی انتخابات سے عوام کی برائے راست حکومت میں نمائندگی اور رائے شامل ہو گی،مرکزی مجلس شوریٰ کی مشاورت سے انتخابات میں جو حکمت عملی بنائی اس کے نتیجے میں جماعت اسلامی کو با وقار پارلیمانی نمائندگی حاصل ہوئی جس پر ہم مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت اور میاں نواز شریف کے بھی شکر گزار ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے سالانہ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو پارلیمانی کردار ملنے کی وجہ سے اس کے سیاسی پروفائل میں اضافہ ہواہے، جماعت اسلامی کے کارکنان متحرک ہوئے ہیں ان سارے امکانات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے اور اس کی سٹیک ہولڈر ہے برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان اور عالمی سطح پر انقلاب برپا ہوا ہے برہان کی شہادت نے گونگے بہرے عالمی اداروں کو بھی بولنے پر مجبور کر دیا ہے ،آزاد کشمیر کی نومنتخب حکومت نے بھی واضح اور دوٹو ک انداز سے کشمیریوں کی پشتیبانی کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند اور ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے جماعت اسلامی نے چکوٹھی مارچ اور راجہ فاروق حیدر نے نریند ر مودی کے مظالم کے خلاف یوم مذمت منایا اور چکوٹھی تک مارچ کیا اور وہاں واضح پیغا م دیا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں صدر ریاست نے بھی اپنے ایجنڈے میں کشمیر کو سر فہرست رکھا ہے حکومت پاکستان نے بھی عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے وفود بھیجے ہیں جو خو ش آئند ہے اور اس سے آگے بڑھ کر مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایک بار پھر جماعت اسلامی کو ٹارگٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ دوسرا بڑا چیلنج ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کرن سنگھ نے کھل کر کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے اور اس طرح کا کوئی معاہدہ نہیں ہے انسانی حقوق کی تنظیموں خاص کر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اچھی رپورٹ شائع کی ہیں ،ان عالمی موافق حالات سے استفادہ کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔