خبرنامہ کشمیر

پیلٹ گن کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، شبیر شاہ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے پیلٹ سے متاثر ہونے والے نوجوانوں کی حالت زار پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ متاثرین کی حالت زار ہمیں تکلیف پہنچا رہی ہے اور ہم ان کے لیے کافی فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں کئی خواب سجائے تھے لیکن بھارتی فورسز نے ان کی آنکھوں کو نشانہ بناکر ان کے مستقبل کو تاریکیوں میں دھکیل دیاہے۔انہوں نے متاثرین کویقین دلایا کہ ان کے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے ہر ممکن تدابیر اختیار کی جائیں گی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ساری قوم ان کے ساتھ ہے اوروہ خود کو نفسیاتی طورکمزور نہ ہونے دیں۔ شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام باالخصوص صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پیلٹ متاثرین کی ہر ممکن اعانت کے لئے آگے آئیں اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے اپنا تعاون پیش کریں۔ انہوں نے آنکھوں کاعطیہ دینے والے خواہشمند لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بعد از مرگ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کے لئے فریڈم پارٹی کے صدر دفتر میں اپنا نام و پتہ درج کرائیں تاکہ متاثرین کوآنکھوں کا عطیہ دے کر ان کی بینائی کو بحال کیاجاسکے ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کو یہ بات تسلیم کرنا پڑے گی کہ جو قوم اتنی عظیم قربانیاں دے رہی ہو اس کو زیاد ہ دیر تک غلام نہیں بنایا جا سکتااور بالآ خر اس کو کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کے سامنے سرتسلیم خم کرنا پڑے گا۔