خبرنامہ کشمیر

پیپلزپارٹی اقتدار،اختیار اور باوقارکے نعرے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی،سردار خالد ابراہیم

میرپور (آئی این پی)جموں کشمیر پیپلزپارٹی اقتدار،اختیار اور باوقارکے نعرے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔جموں کشمیر پیپلزپارٹی تلوار کے نشان پر الیکشن لڑے گی۔ن لیگ کے ساتھ اتحاد کی بنیادی شرط دو جماعتی اتحاد ہے الیکشن کمیشن نادرہ سے ووٹر لسٹیں مرتب کروائے پرانی لسٹوں پر انتخابات قبول نہیں ہیں اور الیکشن فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں۔وفاقی و صوبائی حکومتیں الیکشن میں مداخلت سے باز رہیں جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی مرکزی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے۔جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی مرکزی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار خالد ابراہیم منعقد ہوا جس میں مرکزی ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران سید نشاط کاظمی،نبیلہ ارشاد ،جسٹس (ر)سردارنوازخان،ملک سلیم ،ڈاکٹر کلیم ،خواجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ،محمود اقبال،سردار تسلیم، شیخ فضل کریم، نرگس سدوزئی،امبر شہزادی،آصف گیلانی،نوید حیات نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد ابراہیم نے کہاکہ ن لیگ سے اتحاد کی بنیادی شرائط ہیں کہ آزادکشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر میں ہوں اور صرف دو جماعتی اتحاد کا حصہ بنءں گے۔انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جس طرح وفاق سے آزادکشمیر کی حکومت کو چلایا گیا اور آنے والے پانچ سالوں میں یہی تاریخ دہرائی جائے گی و فاقی و صوبائی حکومتیں الیکشن میں مداخلت سے باز رہیں اور اس وقت تک گڈگورننس قائم نہیں ہو سکتی جب تک کشمیر کی عوام کو فیصلوں کا اختیار نہیں دیا جاتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیحات واضع ہیں اتحاد کے لئے کسی کے پیغام کا انتظار نہیں ہے اور جموں کشمیر پیپلزپارٹی اپنے انتخابی نشان اور منشور پر الیکشن لڑنے کو تیار ہے۔