خبرنامہ کشمیر

ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دینا اتنہائی حساس معاملہ ہے:اندرابی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ ہندوؤں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دینے کا کٹھ پتلی انتظامیہ کا اقدام ایک اتنہائی حساس معاملہ ہے جسکا واحد مقصد کشمیر میں مسلمانوں کی آباد ی کے تناسب کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ کٹھ پتلی انتظامیہ کے اس مذموم اقدام کو عالمی اداروں میں اٹھائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے، جو سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند ہیں ، ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے برصغیر کی تقسیم کے وقت انتہائی مکاری اور عیاری سے جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ جمایا اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق ارادیت دینے کے بجائے و قت کے ساتھ ساتھ اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط بناتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ1947میں جموں میں لاکھوں بیگناہ مسلمانوں کا قتل عام بھی اسی وجہ سے کیا گیاتھا کہ یہاں مسلمانوں کی آبادی کو کم کیا جاسکے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ ہندو پناہ گزینوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجراء، پنڈتوں اور فوجیوں کے لیے الگ رہائشی کالونیوں کے قیام کا منصوبہ بھی یہاں کے مسلم تشخص کے خلاف ایک بڑی سازش ہے لہذا اس صورتحال میں پاکستان اور آزاد کشمیرکی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ بھارت کے مکروہ اقدامات کے خلاف موثر آواز اٹھائیں۔