خبرنامہ کشمیر

کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت، حریت کانفرنس

کالا قانون پبلک

کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت، حریت کانفرنس

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے سربراہ سید علی گیلانی نے پارٹی رہنماؤں عبدالغنی بٹ اور عبدالسبحان وانی اور پارٹی کارکنوں محمد افضل بٹ اور ظفر الاسلام پر ایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے انسانیت اور اخلاقیات کا جنازہ نکالاہواہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کٹھ پتلی حکومت انتقام سے کام لے کر صرف بھارت کی خوشنودی حاصل کررہی ہے اور یہ جموں وکشمیر کے عوام کو عذاب وعتاب میں مبتلا کرنے کی ذمہ دارہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت اقتدار کے ہوس میں ڈوبی ہوئی ہے اور ہر طرح سے کشمیری عوام سے انتقام لے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کو 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کیا گیاتھا اْن پر چوتھی بارکالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرناکٹھ پتلی حکومت کی بوکھلاہٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوپور سے تعلق رکھنے والے عبدالغنی بٹ اور عبدالسبحان وانی عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور آج ان پر چوتھی بار پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے عبدالغنی بٹ کو کوٹ بھلوال، عبدالسبحان وانی کو کپواڑہ، جبکہ محمد افضل بٹ اور ظفر الاسلام کو بھی کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔سید علی گیلانی نے تحریک حریت کے رہنماؤں محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا کی گھروں میں مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔