خبرنامہ کشمیر

کرفیو کے باوجود مودی کی مقبوضہ کشمیر آمدپر عوام کابھرپور احتجاج اورہڑتال بھارت کیلئے واضح پیغام ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نرنیدرمودی کے مقبوضہ وادی کے دورے پر کرفیو کے نفاذ کے باوجود مظلوم کشمیری عوام کی جانب سے بھرپور احتجاج ،ہڑتال اور پاکستان کے حق میں نعروں سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ غیور کشمیری عوام کسی صورت میں مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط قبول نہیں کریں گے اور بھارت کے خلاف پرُامن تحریک آزادی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نرنیدر مودی کے دورے کے موقع پر حریت رہنماؤں کو نظربند کرنا انتہائی قابل مذمت ہے اور بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس کے اوچھے ہتھکنڈے کسی صورت بھی کشمیریوں کو استصوب رائے جیسے اپنے پیدائشی حق سے دستبردار نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت آئے روز مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے اور ہزاروں نہتے کشمیر ی عوام کو شہیدکرنے کے باوجود وہ کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کی شمع کو بجھانے میں برُی طرح ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے لیے اس سے زیادہ شرم اور ندامت کی بات اور کیاہو سکتی ہے کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج اور درجنوں کالے قوانین کی موجودگی کے باوجود جس بہادری سے آج کشمیری نوجوان پاکستانی پرچم سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کے تمام شہروں میں لہرا رہے ہیں اوراس سے اُن کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کا کھلا اظہار ہوتا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پسپائی کا شکار ہورہا ہے اور مقبوضہ وادی میں آزادی کی کرنیں جلد روشن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نیو دہلی کی جامعات کے بعد کلکتہ کی جامعات میں کشمیر کی آزادی کے لیے نعروں کا بلند ہونا بھارت کے لیے سبق آموز ہے اور بھارت کو ان بدلتے ہوئے حالا ت کے پیش نظر اپنے رویے کو تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نرنیدرمودی نے مقبوضہ وادی کے دورے پر خود کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فوج پر پتھر نہیں پھینکے چاہیں جس سے اس امر کی کھلی وضاحت ہوتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی ہر لحاظ سے مقامی اور پرُامن ہے اور غیور بہادر کشمیری عوام بھارتی گولیوں اور چھروں کا جواب پتھروں سے دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی اور بلاشتعال فائرنگ خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور آئے روز شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے وہ ایل او سی کے اس پاررہنے والے بہادر کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیرکے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اورمقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی تمام تر سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم اور پیلٹ گن کے استعمال کا فوری نوٹس لے اور بھارت کی جانب سے اس ریاستی دہشت گردی کا فوراً سدباب کرنے کے لیے اقدامات کروائے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اُن کو اپنے ذاتی معاشی و سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر برصغیر کے اس طویل ترین تصفحہ طلب مسئلے کا حل نکالنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانا چاہیے تاکہ اس پورے خطے میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی جاسکے۔