خبرنامہ کشمیر

کشمیرتقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے

کشمیرتقسیم برصغیر

مقبوضہ کشمیر، کشمیرتقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے

سری نگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نوازنیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان کو کہ بھارت سرحد پار کرنے سے نہیں ہچکچائے گا، تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا جنگی جنون ہے اور اس طرح کے بیانات ان کو زیب نہیں دیتے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راجناتھ سنگھ نے اتوار کو ایک بیان میں پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاتھا کہ بھارت دشمن پر نہ صرف اپنی سرزمین سے بلکہ اس کے علاقے میں جاکر حملہ کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر کمال نے سرینگر میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسے مسائل کو حل کرنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی بلکہ خطے میں کشیدگی اور دشمنی میں اضافہ ہوگا۔ انہو ں نے کہاکہ جھوٹ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا اور سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے اور یہ زندگی کا تسلیم شدہ اصول ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت نے تنازعہ کشمیر حل کرانے کے لیے اعلیٰ سطح پر مذاکرات میں ہمیشہ روڑے اٹکائے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھارت کی مستقبل کی تاریخ بدلنا چاہتے ہیں تو انہیں وقت ضائع کئے بغیر صورتحال پر قابو پاکرتنازعہ کشمیر کو حل کرنا چاہیے جو تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے اور خطے میں پائیدار امن و بھائی چارہ قائم کرنے میں شاید واحد رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجناتھ سنگھ کے چند ساتھیوں کی طرف سے جنگ کی باتیں کرنے اور ہرگولی کے بدلے10 گولیاں چلانے جیسے بیانات سے کوئی مدد نہیں ملے گی۔ دریں اثناء بھارت نواز نیشنل کانفرنس نے بھارتی یوم جمہوریہ سے پہلے وادی کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نام نہاد اسمبلی میں کارروائی شروع ہوتے ہی این سی کے ارکان نے کھڑے ہوکر پوچھا کہ کشمیری عوام کو 26جنوری کے بہانے کیوں ہراساں کیا جارہا ہے۔ این سی کے رکن علی محمد ساغر نے کہا کہ پوری وادی کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کیاگیا ہے اور لوگوں کومسلسل ہراساں کیا جارہاہے ، جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں،کسی کو نقل وحرکت کی اجازت نہیں اور لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایوان کی توجہ بھارتی فورسز کی طرف سے گھروں کی توڑ پھوڑ باالخصوص کولگام کے علاقے ریڈونی میں توڑپھوڑ کی جانب مبذول کرائی۔