خبرنامہ کشمیر

کشمیرچھوڑکرکب جائیں گے‘12سالہ کشمیری بچےکا بھارتی فوجی افسرسےسوال

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں ترہگام کے مضافاتی دیہات ہرے میں اس وقت بھارتی فوجی افسر کو شدید حیرانگی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک بارہ سالہ بچے نے اس سے سوال کیاکہ آپ کشمیر چھوڑ کر کب جائیں گے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز 9سال سے 15سال کے بچوں نے کرالپورہ کپواڑہ سڑک پر دھرنا دیا اور اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی ۔ عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران کرالپورہ سے ایک فوجی قافلہ کپواڑہ کی طرف جا رہا تھا اور جب یہ ہر ئی کے مقام پر پہنچا تو وہاں بچوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک کو بند کردیا۔ چنانچہ فوجی گاڑیوں کا قافلہ وہیں رک گیا اور ایک فوجی افسر گاڑی سے نیچے اْترا۔ فوجی افسر نے دھرنے پر بیٹھے بچوں کو سڑک فوری طورپر کھولنے کیلئے کہا اورکئی سوالات پوچھے ۔تاہم فوجی افسر کو اس وقت شدید حیران ہونا پڑا جب ایک بارہ سالہ لڑکے نے ان سے سوال کیاکہ آپ کب کشمیر چھوڑ کر جارہے ہیں ، جس پر افسر حیران ہو کر رہ گیا اور چپ چاپ وہاں سے چلا گیا ۔