خبرنامہ کشمیر

کشمیرکے بھارت کے چنگل سے آزادی تک کشمیری جدوجہدجاری رکھیں گے:خواجہ ساجد محمود پہلوان

میرپور (آئی این پی) ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد محمود پہلوان نے کہا ہے کہ جب تک مقبوضہ کشمیربھارت کے چنگل سے آزادنہیں ہوجاتاکشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے ۔ اقوام متحدہ اورعالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیرمیں گذشتہ 67 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وجبربندکروائیں اورکشمیریوں کو مسلمہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارت پردباؤڈالیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ ساجد پہلوان نے کہا حکومت پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے مسئلہ کشمیراورحق خودارادیت کے لیے جراتمندانہ موقف اختیارکرنے پرکشمیر ی انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا اس وقت پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا ہے جنوبی ایشاء میں امن قائم رکھنے کے لیے اس مسئلہ کا حل نا گزیر ہو چکا ہے ۔خواجہ ساجد پہلوان نے کہا میرپور شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم چودھری عبدالمجید نے اہل میرپور سے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کیا جا رہا ہے آئیندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ کامیابی حاصل کرئے گی۔