خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کی زندگیاں بھارتی فورسز کے رحم و کرام پر ہیں، میر واعظ

کشمیریوں کی زندگیاں بھارتی فورسز کے رحم و کرام پر ہیں، میر واعظ

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے شوپیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں چھ نہتے شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کی صورتحال کشیدہ اور تیزی سے بگڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے گزشتہ چند دنوں کے دوران تیرہ سے زائد شہریوں کو شہید کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قانون آر مڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس حاصل ہے اور انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ بیشتر کشمیریوں کو ضلع شوپیاں میں شہید کیاگیا جہاں فورسز نے سترہ سالہ کشمیری طالبہ صائمہ وانی سمیت آٹھ کے قریب شہریوں کو شہید کردیا ہے ۔ میرواعظ نے کہاکہ بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی نہیں بخشا جارہا اور فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام روز کا معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی فوج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور انکی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔حریت فورم کے چیئرمین نے کہاکہ جب تک آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کو منسوخ نہیں کیاجاتا کشمیریوں کا قتل عام جاری رہے گا ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ وادی کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لیں اورانہیں رکوانے کیلئے بھارت پرد باؤ بڑھائیں۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں اضافے پر بھارت کے انسانی حقوق کے کارکنوں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ، ادیبوں ، کالم نگاروں اور سول سوسائٹی کی خاموشی پر افسوس ظاہر کیا۔