خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کی نسل کشی اورمذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،جماعت اسلامی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت ایک طرف بات چیت کا راگ الاپ رہا ہے تو دوسری طرف اس نے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ حد تو یہ ہے دو اور تین سال کے بچوں پر بھی پیلٹ گن کااستعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے ضلع شوپیان کے علاقے پنجورہ میں پْرامن احتجاجی جلسے کو ناکام بنانے کیلئے بھارتی فو رسز کی طرف سے جلسہ گاہ پر یلغار اور سینکڑوں افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی خون بہانے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کولگام ، آری پانتھن، پلوامہ، ترال اور اسلام �آبادکے کئی علاقوں میں نہتے اور پْرامن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بناکر متعددافراد کو زخمی کردیاہے ۔ترجمان نے کہا کہ کولگام کے علاقے اشموجی میں بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے جلسہ گاہ میں لگے شامیانوں کو نذر آتش کردیا اور عمر وجنس کا لحاظ کئے بغیر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابترصورتحال کا فوری طور نوٹس لیں۔