خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کی نسل کشی ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کی جارہی ہے، میرواعظ

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق اور دیگرحریت رہنماؤں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں21سالہ نصیر احمد بٹ اور 17سالہ معصب مجید نائکو کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے جیل سے جاری ایک بیان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے والدین اوردیگر اہل خانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا نوجوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر بہت جلد آزاد ہوگا۔ انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کی جارہی ہے اور حالیہ احتجاج کے دوران 90 سے زائد افراد کو شہید، 11000 کو زخمی اور200سے زائد کواندھا اور معذور بنادیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کشمیرمیں جاری بھارتی فورسزکے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تکلیف دہ اورمجرمانہ فعل ہے ۔ دریں اثناء فورم نے ایک بیان میں میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب چےئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھارت کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پیلٹ گن کا استعمال روکنے کا بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا دعویٰ محض ایک فریب ثابت ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دعوے کے صرف 20گھنٹے بعدبھارتی فوجیوں نے ایک اور نوجوان کو پیلٹ چلاکر شہید کردیا۔ حریت رہنماؤں فاروق احمد ڈار، فردوس احمد شاہ، اور نام نہادکشمیر اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے بھی اپنے بیانات میں مصعب مجید اور نصیر احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سرینگر شہر کے تاجروں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گنا ہ شہریوں کے قتل کا نوٹس لیں۔