خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کےقتل عام کیخلاف ہفتہ کومکمل ہڑتال کی کال

کشمیریوں کےقتل

بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف ہفتہ کو مکمل ہڑتال کی کال

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی، میرو اعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاج کیلئے (کل) ہفتہ کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیر کو ایک مقتل گاہ میں تبدیل کردیاگیا ہے جہاں کشمیری عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو قابض بھارتی فورسز سے محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے علاقے کھڈونی میں قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوان کی شہادت پر احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین پر بھارتی پولیس نے جس طرح وحشیانہ انداز میں گولیاں‘ پیلٹ اور آنسو گیس کے شیل برساکرایک اورشہری کو شہید اور سینکڑوں لوگوں کو زخمی کیا وہ بدترین ریاستی دہشت گردی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری قتل عام کو بدترین نسل کشیُ قراردیتے ہوئے کہا کہ روازنہ کشمیریوں کا قتل کشمیریوں کی نسل کشیُ کی مہم کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روزکھڈونی میں کشمیری نوجوان محمدفرحان کی شہادت پر ماتم کرنے والے سوگواران پر بھارتی فورسز نے پیلٹ، گولیوں اورآنسو گیس کا وحشیانہ استعمال کر کے درجنوں افراد کو زخمی اور ایک اور نوجوان خالد احمد ڈارکو شہید کردیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نواز سیاست دان بھی نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ یہی لوگ اس قتل عام کو قانونی جواز اوراس میں ملوث درندوں کو قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ ظلم و جبر حد سے گزر جائے تو اس کا خاتمہ لازمی ہو جاتا ہے اور اسی اَبدی قانون کے تحت بھارت کا یہ ظلم بھی فنا ہوکر رہے گا ۔ انہوں نے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی اوربدترین مظالم پر عالمی برداری کی خاموشی پر افسوس ظاہر کیا ۔انہوں نے کہاکہ دراصل عالمی برادری نے بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی و معاشی مفادات کے تحفظ کیلئے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر چپ سادھ رکھی ہے جو نہ صرف انسانیت سوز ہے بلکہ عالمی امن اور بقائے باہمی کے مسلمہ اصولوں کی بیخ کنی بھی ہے۔ حریت رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تجارتی مفادات کیلئے انسانی اقدار کی بیخ کنی کا اپنا رویہ تبدیل کریں اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف آوازبلند کر کے اسے روکنے کی سعی کریں۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکمرانوں نے کشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے جہاں ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن عائد ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں جاری قتل عام کیخلاف ہفتہ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی جس کا مقصد بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر واضح کرنا ہے کہ کشمیری بدترین بھارتی ظلم وتشدد اور قتل عام کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔