خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کے حق میں شورشرابہ محض ڈرامہ بازی ہے،میر واعظ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں جموں وکشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جاری تحریک آزادی کیلئے کشمیری عوام کی بے پناہ قربانیوں اور استقامت اور یکسوئی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا ۔ اس موقع پر حریت رہنماؤں نے کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہدآزای کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اجلاس میں تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نام نہاد کشمیر اسمبلی کے جاری اجلاس میں حالیہ انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام، ظلم و تشدد اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں سمیت انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر اراکین کے شورشرابے کو سیاسی ڈرامہ بازی قراردیتے ہوئے کہاگیا کہ کشمیر ی عوامی اتنے نادان نہیں کہ وہ ان سیاسی چالوں کو نہ سمجھ سکیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیری عوام ان کو خوب پہچانتے اور جانتے ہیں کہ یہ لوگ چاہے اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر، ہمیشہ بھارت کے آلہ کار بن کر اور اپنے حقیر اقتدار ،مراعات اور مفادات کی خاطرکشمیری عوام کو تختہ مشق بناتے آئے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ نام نہاد اسمبلی میں ان لوگوں نے کبھی بھی کشمیری عوام کے حقوق اور نہتے لوگوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند نہیں کی اور کبھی بھی اپنے آقاؤں سے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے والے ظلم وتشدد، گرفتاریوں، قتل عام اوردیگر مظالم پراحتجاج نہیں کیا ۔اجلاس میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ یہ لوگ اگرحقیقی معنوں میں کشمیری عوام کے خیر خواہ ہیں تو انہیں محض اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا کھوکھلا دعویٰ کرنا ترک کرنا چاہیے۔