خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کے خلاف ہر طرح کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، رشید

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر رشید نے کہا ہے کہ تعلیم یا سماجی کاموں کے نام پر کشمیریوں کیخلاف ہر طرح کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں تعلیم کے بارے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اصولی طور پر کشمیری ہر اْس شخص اور ادارے کا خیر مقدم کرنے کو تیار ہیں جو یہاں تعلیمی شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہو لیکن وہ اپنی مذہبی ،تہذیبی یا تمدنی روایات کو کمزور کرنے کی قیمت پر ایسا کرنے کی اجازت ہرگزنہیں دینگے۔انہوں نے بھارت سے آئے ہوئے ماہرین تعلیم سے کہا کہ وہ نئی دلی اور اس کے حامیوں کی طرف سے تعلیم اور امتحانات کے حوالے سے کشمیریوں کے خلاف کئے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو سمجھ کر بھارتی عوام کو یہاں کی اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔انہوں نے بھارت کے ماہرین تعلیم اور دانشوروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے غم و غصے اور خدشات کو بھارت کے حکمرانوں اور دیگر اداروں تک پہنچا دیں جنہوں نے بھارت میں کشمیری طلباء کا جینا حرام کر دیا ہے۔ انجینئر رشید نے کہاکہ بھارتی دانشوروں اور ماہر ین تعلیم کو چاہئے کہ وہ اس حقیقت کو سمجھیں کہ کشمیر میں ہرکسی کو تعلیم اور امتحانات کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور اس کیلئے انہیں کسی کے وعظ و نصیحت کی ضرورت نہیں۔