خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمات چلنے جاہئیں،جماعت اسلامی

سرینگر (ملت + اے پی پی) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کاکہ پورہ کے علاقے لیلہار میں کشمیری طالبہ شائستہ حمید اور دانش فاروق کو ان کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف جنگی جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ اس سانحہ کو ایک برس گزرنے کے باوجو د ابھی تک متاثر ہ خاندانوں کو انصاف نہیں مل سکا ہے اور قاتل بھارتی فوجی آزاد پھر رہے ہیں۔ گزشتہ برس 14فروری کو بھارتی فورسز نے کریک ڈاؤن کے دوران للہار کاکہ پورہ کی رہائشی کشمیری طالبہ شائستہ حمید کو اْس کے گھر کی دہلیز پرجبکہ کشمیری نوجوان دانش فاروق کو گولی مار کر شہید کردیا تھا ۔انہوں نے اس سانحہ میں ملوث اہلکاروں کی نشاندہی تک کرنے میں ناکامی پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگرچہ انتظامیہ نے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایک برس گرنے کے بعد بھی ابھی تک ملوث اہلکاروں کی نشاندہی تک نہیں کی جاسکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر یہ کہا جائے انتظامیہ سانحے میں ملوث اہلکاروں کی پردہ پوشی کررہی ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے سانحہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف جنگی جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ چلانے اور کسی بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے کے ذریعے اس واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا۔