خبرنامہ کشمیر

کشمیری اب اپنےگھروں کےاندربھی محفوظ نہیں، تحریک حریت

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے قتل اور املاک کی تباہی کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری اب اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کی کٹھ پتلی حکومت نے اپنے بھارتی آقاؤں کے سامنے مکمل طور پر سریندر کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاست دانوں کو محض اپنی کرسی سے غرض ہے جسکے لیے وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی غلامی میں دھکیلنے میں مقبوضہ علاقے کے بھارت نواز سیاست دانوں کا ہی ہاتھ ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کے مظالم سے ا س وقت مقبوضہ علاقے کا چپہ چپہ بلک رہا ہے اور ہر طرف چیخ وپکار کا عالم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آری پانتھن، شار شالی سویہ بگ، دھرمنہ، شوپیان، پلوامہ، ترال، ٹہاب، اسلام آباد، کولگام، پانپور، بجبہاڑہ، سرینگر، بانڈی پورہ، سوناواری، سوپور، بارہ مولہ، کپواڑہ، لولاب، ہندواڑہ، نوشہرہ اور دیگر علاقوں کا کونہ کونہ اور ہر گھر بھارتی فورسزکی دہشت گردی کا شکار ہے۔ تحریک حریت کے ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور تنازعہ کشمیر کا امن وامن کے مسئلے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن کا خواب ہر گز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔