خبرنامہ کشمیر

کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، شبیر

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے غیر قانونی طور پرنظر بند سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی انکی تحریک اپنے انجام تک ضرور پہنچے گی۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں پرامن مظاہرین پرپیلٹ بندوق کا استعمال کر کے اس بات کا ثبوت دے رہا ہے کہ اسے انسانی قدروں کا کوئی احترام اور پاس نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کوکسی بھی صورت میں اپنے اوپر مایوسی کو حاوی نہیں ہونا دینا ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں جاری بھارت مخالف احتجاج بھارتی حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے لیے بھی چشم کشا ہے ۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کا جنون و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ چھ لاکھ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شبیر احمد شاہ نے آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدر چودھری غلام عباس کو انکی 50ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کو تحریک آزادی کے تئیں ان کی خدمات کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے ممتاز مجاہد کمانڈر شہید مقبول علائی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کر تے ہو ئے کہا مرحومہ کے درجات کی بلندی اور غم زدہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ جموں کشمیر سالویشن مومنٹ کے سربراہ ظفر اکبر بٹ اور نائب چیرمین الطاف احمد بٹ نے بھی شہید محمد مقبول علائی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غلام محمد الائی و دیگر افراد خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوے کہا ہے کہ مرحومہ نیک سیرت اور صوم صلوات کی پابند خاتون تھیں۔ ظفر بٹ کی ہدایت پر عبدالرشید ،محمد مقبول،منظور احمد،اعجازپر مشتمل سالویشن موومنٹ کے ایک وفد نے مانچھواہ جاکر غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔