خبرنامہ کشمیر

کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ (آج) یوم سیا ہ کے طورپرمنائیں گے

مقبوضہ کشمیر مسلم

کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ (آج) یوم سیا ہ کے طورپرمنائیں گے

سرینگر(ملت آن لائن)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری (آج ) جمعہ کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے د ی ہے تاکہ عالمی برادری کوباورکرایا جاسکے بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ اس روز مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ حریت رہنماؤں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمرفاروق، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، یاسمین راجہ ،ظفر اکبربٹ ،بلال صدیقی اور دیگر نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ بھارت کے پاس جموں وکشمیر میں اپنایوم جمہوریہ منانے کا کوئی قانونی، آئینی یا اخلاقی جواز نہیں کیونکہ اس نے کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف غیر قانونی طورپر قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال 26جنوری کشمیریوں کیلئے مشکلات کا باعث بنتا ہے جنہیں نام نہاد سیکورٹی کے اقداما ت کے نام پر جامہ تلاشیوں اور چیکنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے لوگوں اورطلباء سے کہاکہ وہ یوم جمہوریہ کی تمام تقاریب کا بائیکاٹ کریں۔بھارتی فورسز نے یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف خاص طور پر سرینگر اور دیگربڑے قصبوں میں سیکورٹی سخت کر دی ہے اور بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعدادکو تعینات کیا گیا ہے ۔ گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور راہگیروں کی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے ۔ سونہ وار کرکٹ اسٹیڈیم سرینگرجہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی کی سیکورٹی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اسٹیڈیم کے نواحی علاقوں میں فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اوراسٹیڈیم کی طرف جانے والی تمام سڑکو ں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ سرینگر اور جموں کے تمام حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔