خبرنامہ کشمیر

کشمیری حریت رہنماآسیہ اندرابی کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کو گھر میں نظر بند کر دیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو تقریباً تین ماہ کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد بدھ کے روز سب جیل بارہمولہ سے عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنو ں کے ہمراہ مزار شہداء سرینگر جاکر شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی۔ دخترا ن ملت کی ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے رامباغ سرینگر تھانے کی پولیس پارٹی کوصورہ میں آسیہ اندرابی کے گھرکے باہر تعینات کر کے انہیں گھر میں نظر بند کر دیا۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ماسٹر محمد افضل اور سینئر کارکن محمد افضل میر کو گرفتار کر کے تریگام کپواڑہ تھانے میں نظر بند کر دیا ۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں ان دونوں کی گرفتاری کی مذمت کی ۔