خبرنامہ کشمیر

کشمیری حریت رہنماؤں احتجاجی ہڑتال میں 25 اگست تک توسیع کردی

سرینگر:(اے پی پی ) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کیلئے ہڑتال میں 25اگست بروز جمعرات تک توسیع کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں25 اگست تک ایک اوراحتجاجی کلینڈر جاری کردیا ہے جس کے مطابق کل(ہفتہ کو)لوگوں کو تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کی طرف سکوٹروں، موٹر سائیکلوں اور پیدل مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ اگر انہیں روکا گیا تو وہ شام تک ان ہی جگہوں پر دھرنے دیں۔ شام6 بجے کے بعد صبح6 بجے تک ہڑتال نہیں کی جائیگی ۔21 اگست بروزاتوارکو نام نہاد کشمیر اسمبلی کے بھارت نواز اراکین کے نا م پوسٹر لیٹر چسپاں کئے جائیں گے جن میں ان سے حکومت اور پارٹیوں سے مستعفی ہونے کیلئے کہا جائے گا۔یہ خطوط ان کے گھروں کے آس پاس ہر دیوار پر چسپاں کرنے اور بعد دوپہر3 بجے سے5 بجے تک چوکوں اور مرکزی مقامات پر جمع ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔اس روزبھی شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک نرمی ہوگی ۔ 22اگست بروز پیر تمام دیہات اور محلوں سے تحصیل ہیڈکوارٹرز کی طرف مارچ کیا جائے گا۔اس روز تحصیل صدر مقامات پر نماز ظہر ادا کرنے کے بعدجموں وکشمیر کی آزادی کیلئے ریفرنڈم اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا۔لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سول سیکریٹریٹ سرینگر سمیت تمام سرکاری دفاتر کی طرف جانے والے راستے بند کرکے ملازمین کو ڈیوٹی پر نہ جانے دیں۔اس روز رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک نرمی ہوگی ۔23اگست بروز منگل کیلئے خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز ظہر سے عصر تک مقامی مقامات پر جمع ہوکر پر امن احتجاج کریں۔آزادی پسند تنظیموں اور محلہ کمیٹیوں سے اپنے اپنے علاقوں میں ضرورتمندوں کے ساتھ ساتھ جاں بحق و زخمی افراد کے گھر جاکر ان کی ضروریات کی فہرست مرتب کرنے اور ان کیلئے ضروری امداد کا انتظام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔جامع مسجد محاصرے کے27سال مکمل ہونے کے موقعے پر مساجد پر فورسز کے حالیہ حملوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور یہ سلسلہ نماز عصر سے مغرب تک جاری رہے گا۔اس روز لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دیواروں، سڑکوں اور گلی محلوں پر مزاحتمی نعرے تحریر کریں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان دنوں ڈھیل کو چھوڑ کر مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ منگل اور بدھ کے روز شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک جبکہ جمعرات کو رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک نرمی کا اعلان کیا گیا ہے ۔مشترکہ حریت قیادت نے اس دوران لوگوں سے مختلف طریقوں سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔