خبرنامہ کشمیر

کشمیری حریت رہنما عبدالصمد انقلابی پرکٹھوعہ جیل انتظامیہ کا تشدد

کشمیری حریت رہنما عبدالصمد انقلابی پرکٹھوعہ جیل انتظامیہ کا تشدد
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی طور پر نظر بند حریت رہنما عبدالصمد انقلابی کو جموں خطے کی کٹھوعہ جیل کی انتظامیہ نے ڈنڈوں سے جیل میں ماراپیٹا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے عبدالصمد انقلابی کو رواں برس چھ جو لائی کو ترال میں ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید کی رہائش سے گرفتار کیا تھا۔ بھارتی فوج نے گرفتاری کے بعد انہیں پولس کے حوالے کر دیا تھا جس نے تیرہ روز تک ترال تھانے میں رکھنے کے بعد انہیں سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا تھا۔ قابض انتظامیہ نے بعد ازاں ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جموں خطے کی کٹھوعہ جیل منتقل کیا تھا۔ عبدالصمد انقلابی کے اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں ذہنی طور پر معذور ثابت کرنے کیلئے جیل میں مارا پیٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مارپٹائی کا یہ واقعہ 14نومبرکو پیش آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالصمد کی جان کو کٹھوعہ جیل میں خطرہ لاحق ہے لہذا وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا جائے۔