خبرنامہ کشمیر

کشمیری رہنما آسیہ اندرابی ہسپتال داخل

کشمیری رہنما

کشمیری رہنما آسیہ اندرابی ہسپتال داخل

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کو علالت کے باعث ہسپتال میں داخل کردیاگیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی رہنما فہمیدہ صوفی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی کو علالت کے باعث سرینگر کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی صحت جموں جیل میں نظر بندی کے دوران سخت خراب ہو گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نظر بندی کے دوران ان کا علاج ومعالجہ نہیں کرایا گیا جس کی وجہ سے ان کی صحت تاحال بحال نہیں ہوئی۔ فہمیدہ صوفی نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ آسیہ اندرابی کی فوری صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
…………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے….یاسین ملک ہسپتال سے دوبارہ جیل منتقل

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئر مین محمد یاسین ملک کو علاج معالجے کیلئے سرینگر سینٹرل جیل سے خیبر ہسپتال لایا گیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک کو ڈاکٹرکو چیک کرانے کے فورابعد دوبارہ جیل منتقل کردیاگیا۔ واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو 5مارچ کو شوپیاں چھ شہریوں کے قتل عام کے خلاف لال چوک میں احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کر کے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا تھا ۔ ان کے ہمراہ بشیر احمد کشمیری اور غلام محمد ڈار کو بھی جیل منتقل کیاگیاتھا۔ادھر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء نور محمد کلوال نے ایک بیان میں شہید آزادی پسند رہنماء فاروق احمد دھوبی کو ان کے یوم شہادت پر شاندارخراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہید فاروق احمد تحریک آزادی کے ایک جری مجاہد، عظیم محب وطن اور زیرک نوجوان تھے ۔انہوں نے شہید فاروق احمد دھوبی سمیت تمام شہدائے کشمیرکی بلندی درجات کیلئے دعاکی اوران کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔