خبرنامہ کشمیر

کشمیری سکالر منان وانی نوجوانو ں میں مقبولیت حاصل کرنے لگا

کشمیری سکالر منان وانی

کشمیری سکالر منان وانی نوجوانو ں میں مقبولیت حاصل کرنے لگا

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ حال ہی میں مبینہ طور پر مجاہدین کی صفوں میں شامل ہونے والا کشمیری پی ایچ ڈی سکالر منان وانی برہان مظفر وانی شہید کی طرح نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق منان وانی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اپلائیڈ جیالوجی میں پی ایچ ڈی کر رکھا ہے اور وہ8 جولائی2016کو نوجوان مجاہد رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے مجاہدوں کی صفوں میں شامل ہونے والا یہ تیسرا پی ایچ ڈی سکالر ہے۔ منان ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹکی پورہ کا رہائشی ہے اور ہاتھوں میں بندوق لئے اس کی ایک تصویر حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ منان وانی کے بھائی مبشر وانی نے جو پیشے سے انجینئر ہے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مبشر گزشتہ برس اکتوبر میں علی گڑھ سے گھر آیا تھا جس کے بعد وہ رواں برس 3جنوری کو گھر سے دوبارہ علی گڑھ کیلئے روانہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انکا مبشر کے ساتھ تین جنوری سے اب کوئی رابطہ نہیں ہے۔بھارتی پولیس کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ مبشر کے والد نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ انکا بیٹا گزشتہ کئی روز سے لاپتہ ہے ۔ پولیس افسر کاکہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا مبشر واقعی مجاہدین کے ساتھ مل گیا ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر آنے والی اسکی تصویر کی اعتباریت پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔یاد رہے کہ گزشتہ دو برس سے یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اب پڑھے لکھے اعلی تعلیم یافتہ نوجوان مجاہدین میں شامل ہو رہے ہیں۔