خبرنامہ کشمیر

کشمیری عوام قابض حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکیں گے، آسیہ اندرابی

سرینگر ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چےئرپرسن آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران خواتین اور بچوں سمیت لوگوں نے بے مثال قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ دنیا کے لیے واضح پیغام ہے کہ کشمیری عوام بھارتی فورسز کے ظلم وجبر اور اورچھے ہتھکنڈوں کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرعمر کے لوگ سڑکو ں پر آکر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسزنے ضلع کولگام کے علاقوں ریڈونی اور ہوور میں لوگوں کی فصلوں ، سبزیوں اور پھلوں کونقصان پہنچا کرنازیوں کے حربے استعمال کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز نے صبح ہونے سے پہلے لوگوں کے فارموں اور کھیتوں میں جاکران کی فصلوں کو نذر آتش کردیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حربے نازیوں نے اپنے مقبوضہ علاقوں میں اختیار کئے تھا۔ آسیہ اندرابی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کی حقیقی صورتحال بیان کرنے پر وزیراعظم پاکستان کی تعریف کی۔