خبرنامہ کشمیر

کشمیری عوام نےگزشتہ دوماہ کےدوران تاریخ رقم کی ہے، یاسین

سرینگر: (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری گزشتہ ستر برس سے بھارتی قبضے کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں لیکن گزشتہ دو ماہ کے دوران انہوں نے قربانیوں اور عزم و ہمت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ63روز کے دوران نوے سے زائد کشمیری بھارتی فورسز نے شہید کر دیئے جبکہ دس ہزار سے زائد لوگوں کو زخمی کیا گیا لیکن اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیوں کے سبب عام کشمیری سخت مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں بنیادی ضروریات زندگی کی سخت قلت درپیش ہے لیکن اسکے باوجود وہ بھارت کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔ محمد یاسین ملک نے عوام الناس سے عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے عمل کے ذریعے ثابت کرنا چاہئے کہ ہم اس مقدس موقع پر اپنے تباہ حال ، نادار اور متاثرہ بہن بھایؤں کا خیال رکھنے میں کوئی کوتاہی نہیں برت سکتے ۔ دریں اثناء جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ اور زونل آرگنائزر بشیر کشمیری نے نصر اللہ پورہ بڈگام اور پالہ پورہ نور باغ سرینگر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک مقدس تحریک چلا رہے ہیں جسکا واحد مقصد بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکے گماشتے نہتے کشمیریوں کے خلاف بدترین مظالم ڈھا رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے نازک موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ تحریک آزادی کے خلاف دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔