خبرنامہ کشمیر

کشمیری عوام کو بھارتی وزیر اعظم سے حق خودارادیت کے پیکج کے سوا کچھ نہیں چاہیے

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کیلئے اپنے حق خودارادیت سے کم کوئی چیز قابل قبول نہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہاتھا کہ وہ مقبوضہ علاقے کیلئے ترقیاتی پیکج کے اعلان کی غرض سے نریندر مودی کو مقبوضہ کشمیر لائیں گی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کوبھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا صرف ایک ہی پیکیج قابل قبول ہے اور وہ ہے حق خود ارادیت کا پیکیج جسے دینے کا بھارت نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورموں پر کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی کے نریندر مودی سے ذاتی مراسم ہوسکتے ہیں جن کے تحت وہ انہیں مدعو کرسکتی ہیں لیکن یہ کہنا کہ وہ کشمیریوں کیلئے کسی پیکیج کا اعلان کریں گے محض دھوکہ اور لایعنی عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ محبوبہ اور بھارتی قیادت یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کشمیری نوجوانوں نے بڑی بڑی نوکریوں کوترک کر کے جدوجہد آزادی کی راہ اختیار کی ہے ۔ آسیہ اندرابی نے پی ڈی پی کے یوتھ کنونشن کو ایک ڈرامہ قراردیتے ہوئے کہاکہ اس کنونشن میں شرکت کیلئے اسپیشل پولیس افسر اور کیجول لیبر کولایا گیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ درحقیقت محبوبہ مفتی جھوٹے وعدوں کے ذریعے نوجوانوں کی غربت کا استحصال کر رہی ہے۔حریت رہنماء نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کے آپ امن قائم کیجئے میں آپ کو روزگار اور ترقی مہیا کروں گی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا یہ بات سچ ہے کہ تشدد کشمیر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے تاہم محبوبہ مفتی سے پوچھا جانا چاہئے کہ کشمیر کے گلی کوچوں میں کون تشدد کا مرتکب ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی سفاک فوج نے ہی کشمیرمیں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں ہر طرف خون کی ہولی کھیل رہے ہیں اور پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں سے نہتے نوجوانوں کی بینائی چھین رہے ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری نہیں بلکہ بھارت اور اسکی سفاک اور ظالم فوج کشمیرمیں تشدد اور خون ریزی کی ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کو کشمیریوں کو امن کالیکچر دینے کی بجائے خود تشدد کا سلسلہ ترک اور نہتے کشمیریوں کا خون بہانہ بندکرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ جب وہ اقتدار سے باہر ہوتی ہیں تو کشمیری شہداء کی تصاویر ہاتھ میں لئے مگر مچھ کے آنسو بہاتی ہیں تاہم اقتدار میں آتے ہی ظلم و تشددکے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہیں۔