خبرنامہ کشمیر

کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش: حریت

تحریک حریت

سرینگر :(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے جیلوں میں نظربندہزاروں کشمیریوں کی حالت زار پرشدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نظربندوں کی ناگفتہ بہہ حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناکردہ گناہوں کی سزا پانے والوں کوکٹھ پتلی انتظامیہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں تعینات متعصب عملے نے نفرت اور حسد کی بنیاد پرکشمیری نظربندوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے اورانہیں ناقص خوراک فراہمی کے علاوہ علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا جاتاہے اور شدید سرد موسم میں انہیں تنگ و تاریک کمروں میں بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس کر انہیں بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی نطربند کیلئے اسکے اہلخانہ دوائی بھیجیں تو اسے جیل حکام ضبط کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر کشمیریوں کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے نوجوانوں کونظربند کیا جارہا ہے اور پولیس حکام اپنے ہی وضع کردہ قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر حکومت کے استعماری خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں سے انتقام لینے کیلئے پولیس اہلکار انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے گرفتار کر لیتے ہیں اور انکی رہائی کے بدلے تاوان طلب کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ پولیس اہلکاروں کیلئے ایک نفع بخش کاروبار کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ترجمان نے کہاکہ کپواڑہ ،ریاسی،ادھمپور اور دیگر پولیس اسٹیشنوں میں ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شدید جسمانی و ذہنی تشددکا نشانہ بنانے کے علاوہ انکے تعلیمی مستقبل کو تاریک کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیلٹ گن سے زخمی ہونیوالا فیاض احمد کمہار گزشتہ چار ماہ سے پولیس لائینز بارہمولہ میں نظربند ہے اور اس کا علاج معالجہ نہیں کرایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اسکا زخم مندمل نہیں ہوپارہاہے۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنماء ایاز اکبر، آسیہ اندرابی،محمد رفیق گنائی،طارق احمد گنائی، شاہ ولی محمد ،غلام مصطفےٰ وانی،عبدالسبحان وانی،مولانا سرجان برکاتی ،حاجی محمد رستم بٹ،امیر حمزہ،عبدالخالق ریگو،حاجی بشیر احمد ،فیاض احمد طلاق،عبدالوحید میر،ماسٹر علی محمد حاجن،،دانش احمد گوجری اورمحمد امین پرے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند ہیں اور مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں ۔