خبرنامہ کشمیر

کشمیری نظربندوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کی مذمت؛حریت کانفرنس

تحریک حریت

کشمیری نظربندوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کی مذمت؛حریت کانفرنس
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کی انتظامیہ کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کٹھ پتلی انتظامیہ اور جیل حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نظربند کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ جیل میں کشمیری نظربندوں کو بلا جواز طورپر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور انہیں خطرناک مجرموں کے ساتھ نظربند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو شدیدخطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے 21 نومبر کو جیل میں حکام کی طرف سے کشمیری نظربندوں پر حملے کی اطلاعات پر شدید افسوس ظاہر کیاجس میں حز ب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے فرزند شاہد یوسف سمیت بیسیوں کشمیری قیدی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ اور جیل حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نظربند کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔ حریت ترجمان نے ایمنسٹی انٹر نیشنل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ حریت ترجمان نے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنماؤں محمد اویس اور عبدالحمید پرے کے گھروں پرچھاپوں اور اہلخانہ کو ہراساں اور سامان کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے حریت رہنماؤں محمد یٰسین عطائی، بشیر احمد بٹ اور سید امتیاز حیدرکی بڈگام پولیس اسٹیشن میں مسلسل نظربندی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں لاقانونیت کا راج ہے ۔انہوں نے بھارتی پولیس کی ان کارروائیوں کو ریاستی دہشت گردی کی زندہ مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مذموم ہتھکنڈوں سے کشمیر عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا۔