خبرنامہ کشمیر

کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، یاسمین راجہ

کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، یاسمین راجہ

زمرودہ حبیب کا تحریک آزادی میں اپنے لخت جگرقربان کرنے والی کشمیری ماؤں کو خراج تحسین
سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی طرف سے شہید نور محمد تانترے کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے جن کو بھارتی فوجیوں نے حال ہی میں ضلع پلوامہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما اور مسلم خواتین مرکز کی چےئرپرسن یاسمین راجہ کی قیادت میں پارٹی کا وفد شہید نور محمد تانترے کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ترال میں ان کے گھر گیا۔ اس موقع پر یاسمین راجہ نے کہاکہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کی طرف سے کشمیر کاز کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر مرکز نگاہ بنادیا ہے اور ہماری جدوجہد اس کے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ وفد حال ہی رہا ہونے والے مزاحمتی رہنماؤں مشتا ق الاسلام اور آسیہ اندرابی کے گھر بھی گیااورعلاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء حریت رہنما اورکشمیر تحریک خواتین کی چےئر پرسن زمرودہ حبیب معروف آزادی پسند رہنما شہید محمد مقبول بٹ کی علیل والدہ کی عیادت کے لیے ان کے گھر گئیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ زمرودہ حبیب نے تحریک آزادی کشمیرمیں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو قربان کرنے والی تمام کشمیری ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔