خبرنامہ کشمیر

کشمیری نوجوان آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کے محافظ ہیں، ظفربٹ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چےئرمین ظفر اکبر بٹ نے رواں جدوجہد آزادی کو نوجوانوں کے جذبوں اور حوصلوں کا رہین منت قراردیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کشمیر کی آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کے محافظ ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں تحریک آزادی کے لئے نو جوانوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر تحریک میں بنیادی کردار نوجوان ہی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امرکی ہے کہ رواں جدوجہد میں نوجوانوں کے کردار کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انہیں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ظفر اکبر بٹ نے جدوجہد آزادی میں کشمیری عوام کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران باالخصوص اور گزشتہ 25 برسوں میں بالعموم شاندار کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی جان ہتھیلی پہ رکھ کر آتش و آہن کا مقابلہ کررہے ہیں اور ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کشمیری نوجوانوں کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عزم اور حوصلے کو دیکھ کر یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔انہوں نے نو جوانوں کی مسلسل گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام کشمیری نظربندوں کوفوری طورپررہا کرنے کا مطالبہ کیا۔