خبرنامہ کشمیر

کشمیری گزشتہ ستر برسوں سے اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرر ہے ہیں،میاں قیوم

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم نے کہاہے کہ کشمیری عوام گزشتہ70برسوں سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کیا جائے تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کر سکیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میاں عبدالقیوم نے بھارتی مظالم کے خلاف سرینگر میں بار ایسوسی ایشن کے ایک احتجاجی مظاہرے میں شامل سینکڑوں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے تعین کیلئے اقوام متحدہ کی نگرانی میں مقبوضہ علاقے میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرائی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان نے اقوام متحدہ کی ان قرار دادوں کو تسلیم کررکھا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دیا جائے گا۔میاں عبدالقیوم نے کہاکہ بھارت اور اسکی قیادت کوکشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں پر ظلم و تشدد ، قتل عام اورانہیں آنکھوں کے نور سے محروم کرنے کی کارروائی سے انہیں اپنے ناقابل تنسیخ حق سے دستبردار کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی گھروں اور جیلوں میں نظربندی اور لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی کی گرفتاریوں کی بھی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے حربوں سے حریت قائدین کو جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء مسرت عالم بٹ کیخلاف عائد 33واں کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ کو بھی عدالت نے حال ہی میں کالعدم قرار دیا ہے تاہم انہیں غیر قانونی طور پر مسلسل نظربند رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے سید علی گیلانی کی مسلسل نظربندی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ 2010کے بعد سے تاحال مسلسل گھر میں نظربند ہیں اور ان سے کسی کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک کو بھی ہر دوسرے دن گرفتار کرلیا جاتا ہے اور انکاقصور صرف اتنا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔میاں قیوم نے محمد اشرف صحرائی اور شبیر احمد شاہ سمیت دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل نظربندی کی بھی مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو حبس بے جا میں قید رکھا گیا ہے اور ان کے ساتھ ناشائستہ سلوک روارکھا جا رہا ہے۔اس سے قبل مشترکہ حریت قیادت کی کال پر بار ایسوسی ایشن کے سینکڑوں اراکین سرینگر میں ہائی کورٹ کے احاطے میں احتجاج کیا ۔