خبرنامہ کشمیر

کشمیری 70سال سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کاسامنا کررہے ہیں:گیلانی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے مشترکہ حریت قیادت کو لالچوک مارچ کی قیادت سے زبردستی روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلی حکومت بندوق کے زور پر کشمیرکی آزادی پسند عوام کو روکنا چاہتی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے عوام سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن جموں وکشمیر کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں صرف پولیس کا راج چلتا ہے اور ہمیں اپنی پُرامن سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر ریاستی دہشت گردی اور بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر ایک بہت بڑا سوال ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز امرتسر میں بھارتی وزیر اعظم کے بیان کہ دہشت گردی کو کہیں پنپنے نہیں دیا جانا چاہیے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ بھی دہشت گردی کے خلاف ہیں اور ہم کبھی اس کے روادار نہیں رہے ہیں لیکن بھارت کے وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم گزشتہ 70سال سے بھارتی حکومت، فوج اوران کے زرخرید غلاموں کی بدترین ریاستی دہشت گردی کاسامنا کررہے ہیں جس کے نتیجے میں یہاں ان گنت شہداء کے قبرستان آباد ہوئے ہیں اور لاکھوں انسان شہید کئے گئے ہیں، 10ہزار سے زائد لوگ گرفتار کرنے کے بعد لاپتہ کردئے گئے اور 7ہزار قبریں دریافت ہوئی ہیں جن کے بارے میں معلوم نہیں ہے کہ ان میں کون لوگ دفن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے یہاں کے ہر گاؤں میں چادر اور چاردیواری کو اپنے ناپاک ہاتھوں سے تاخت وتاراج کردیاہے۔ حریت چےئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو ایسے بھاشن دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکا چاہیے ۔ انہوں نے کہا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اتنی کمزور اور نازک ہے کہ ایک بزرگ شخص کو اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہمت نہیں کرپا رہی ہے۔ انہوں نے کہا دیر سویر بھارت کو یہاں سے نکلنا پڑے گا اور جتنی جلد وہ ان زمینی حقائق کو تسلیم کرکے دیرینہ اور سلگتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے گا اتنا ہی بھارت کے غریب اور مفلس عوام کے لیے بہتر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ زورزبردستی اور بندوقوں کے ڈر سے ہم خائف نہیں ہوں گے اور ہم نے بحیثیت قوم یہ عہد کیا ہے کہ ہم بھارت کے غیرجمہوری، غیر آئینی ، غیر اخلاقی، غیر انسانی اور زبردستی قبضے کو کسی حال میں تسلیم نہیں کریں گے اور اپنی آخری سانس تک اس کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے۔