خبرنامہ کشمیر

کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن ریاست کے دیہی علاقوں کے غریب طلباء و طالبات کو جدید علوم کی تعلیم فراہم کر رہی ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن ریاست کے دیہی علاقوں کے غریب طلباء و طالبات کو جدید علوم کی تعلیم فراہم کر رہی ہے ۔ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اس وقت راولاکوٹ میں پرل ویلی پبلک سکول ، بنجونسہ پبلک سکول اور راولپنڈی کے دیہی علاقے میں سواں پبلک سکول اور کالج آف ٹیچرز ایجوکیشن بسالی کام کر رہے ہیں ۔ جہاں دیہی علاقوں کے بچوں خصوصاً بچیوں کو اعلیٰ معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت نے ریاست میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کی تربیت کے لیے برٹش کونسل سے ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں۔ کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیسز کی خواہش ہے کہ اس پروگرام میں فاؤنڈیشن کو بھی شامل کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں برٹش کونسل کے سابق چیئرمین ڈیوڈ گرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے ان سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کو بڑھانے اور اساتذہ کی تربیت سمیت باہمی دلچسپی کے امو ر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ برطانوی اساتذہ نے تربیت دی ہے ان میں سے اُس وقت جو جونیئر لوگ تھے وہ اب سکولوں میں سینئر پوزیشنوں پر تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے بانیوں میں جنرل رحیم اور ایم آر خان جیسے لوگ شامل تھے ۔ اس سکولنگ سسٹم معیار پر پورا اترتا ہے ۔ فاؤنڈیشن کو اپنے دائرہ کار کو مذید وسیع کرنے کے لیے برٹش کونسل ، برطانیہ میں موجود کشمیری و پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کی ضرورت ہے ۔