خبرنامہ کشمیر

کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے اقوام متحدہ کی رپورٹ پر بھارتی رد عمل مایوس کن ہے، ہائی کمشنر زید رعد ا لحسین

جنیوا ۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ان کی حالیہ رپورٹ پر بھارتی حکومت اور میڈیاکے ردعمل سے انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زید رعد الحسین کے ترجمان روپرٹ کولولی کی جانب سے جنیوا میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی میڈیا اپنی حکومت کی شہ پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جاری کی جانے والی حالیہ رپورٹ کو’’ پاکستان کی شہ پر تیار کی جانے والی رپورٹ‘‘ قرار دے رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا دفتر آزادانہ اورانتہائی منظم طریقے سے کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رپورٹ میں 388 ذیلی ہیں اور رپورٹ جن ذرائع کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے ان میں بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوان لوک سبھا اور راجیہ سبھا، بھارتی سپریم کورٹ، بھارتی وزرات داخلہ،بھارتی وزارت دفاع ، بھارتی آرمی چیف ، ایک سابق بھارتی صدر، مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی، مقبوضہ کشمیر میں قائم انسانی حقوق کمیشن شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے یہ رپورٹ مانیٹرنگ کی بنیاد پر تیار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی رپوٹ سیاسی رپورٹ نہیں بلکہ یہ لاکھوں کشمیریوں کے حقوق سے متعلق ہے اور وہ انسانی حقوق کے مسائل اٹھاتے رہیں گے۔