خبرنامہ کشمیر

کشمیر میں بھارتی کرفیو اور جارحیت سے 120افراد شہید ہوئے: قاری صادق

الدمام (ملت + آئی این پی )ممتاز کشمیری حریت پسند رہنما اور انجمن نوجوانان کھوڑی چنہ کے صدر قاری صادق ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری قوم کے لیے ہر دِن یوم سیاہ ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حالیہ کرفیو اور جارحیت سے ایک سو بیس افراد شہید ہوئے ،پندرہ ہزار زخمی اور ایک ہزار سے زائد افراد کی آنکھیں ختم ہو گئیں،عالمی قوتیں خواب خرگوش میں ہیں،کشمیریوں سے کسی کو کوئی ہمدردی نہیں،اگر کسی یہودی یا عیسائی کیساتھ کوئی ظلم ہو تو پوری دنیا میں ہلچل مچ جاتی ہے اور مظلوم کی مدد کے لیے ظالم کے سامنے عالمی طاقتیں کھڑی ہو جاتی ہیں اور عملی اقدامات کرتی ہیں، مگر مقبوضہ کشمیر میں سات عشروں سے ظلم و جبر کا بازار گرم ہے اورکوئی نوٹس نہیں لیا جاتا،ایسا لگتا ہے کہ عالمی طاقتوں کا ضمیر مر چکا ہے ،مسئلہ کشمیر پر سب کے لب سِلے ہوئے ہیں، عالمی برادری کا مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کرنا واضح کرتا ہے کہ مسلمانوں کی زندگیوں کی عالمی برادری کے سامنے کوئی اہمیت نہیں، لیکن ہم مسلمان بھی منتشرہیں،دنیا بھر میں مسلمان گاجر مولی کی طرح کاٹے جا رہے ہیں اور مسلمہ امہ متحد ہونے کی بجائے یہودیوں اور عیسائیوں کی سازشوں کا شکار ہے،یمن میں آگ اور خون کا کھیل جا رہی ہے،سوریا کے مسلمانوں کو خون میں نہلایا جا رہا ہے،افغانستان کو تباہ کیا گیا،برما کے مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئیں ،عراق میں بمباری کر کے قتل عام کیا گیا اور مسلمان ممالک خاموش رہے،ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے اپنے ایک بیان میں کیا اور کہا کہ مسلمان ممالک کا اتحاد وقت کا اہم تقاضا ہے اگر ہم نے آپس میں متحد و منظم ہو کر کوئی جاندار لائحہ عمل تیار نہ کیا تو یہود و ہنود مسلمانوں کو ایسے ہی خون میں نہلاتے رہیں گے،مسئلہ کشمیر پر بھی مسلم امہ خاموش ہے اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو انصاف دلوانے کی بجائے پس پردہ بھارت کی پشت پناہی کر رہی ہیں، بھارت نے مظلوم و محکوم کشمیریوں کی نسل کشی کا جو پروگرام بنا رکھا ہے ہم بھارت کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور آزادی کے حصول تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،پاک فوج کیساتھ ہیں اور بھارت کو سبق سکھائیں گے،مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ ہمارے دِل دھڑکتے ہیں ،آزادی کشمیر کے لیے ہزاروں سال بھی لڑیں گے۔