خبرنامہ کشمیر

کشمیر کونسل یورپی یونین کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے عوام سے اظہاریکجہتی

بھارتی فوجیوں

کشمیر کونسل یورپی یونین کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے عوام سے اظہاریکجہتی

برسلز(ملت آن لائن) کشمیرکونسل یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کونسل کے چیئرمین علی رضاسید کی قیادت میں برسلز میں کونسل کے بورڈ اور کورکمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے دوران 5فروری کو منائے جانیوالے یوم یکجہتی کشمیرکے پروگراموں پر غور کیا گیاہے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے 4فروری کی شام کو برسلز میں شمع روشن کرکے مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔اجلاس میں خاص طورپر مقبوضہ کشمیرکے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی ظاہر کی گئی۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم شہداء کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی اور والہانہ محبت رکھتے ہیں جنہوں نے جاری جدوجہد آزادی کے دوران عظیم قربانیاں دی ہیں۔اس موقع پر نئے سال کے دوران منعقد کئے جانیوالے پروگراموں کوبھی حتمی شکل دی گئی اورخاص طور پر آئندہ دوماہ کے دوران منعقد ہونے والے پروگراموں بشمول 10 فروری کو مقبول بٹ اور افضل گرو کی برسیوں اور8 مارچ کو کشمیری خواتین کے بارے میں سالانہ کانفرنس زیرغور آئے۔اجلاس کے دوران کشمیرکونسل ای یو کی آئندہ کی حکمت عملی پربھی تبادلہ خیال کیاگیا جس کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانا اور بھارت کی نام و نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدیدمذمت کی۔ علی رضا سید نے ہفتے کے روز شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں دوکشمیری نوجوانوں سہیل جاوید لون اور جاوید احمد بٹ کے قتل کی شدید مذمت کی۔انہوں نے عالمی برادری سے کہاکہ وہ اپنی خاموشی ترک کر کے نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائے ۔ انہوں نے یورپی یونین سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے فوری اقدامات کرے اور مہذب دنیا کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آوازبلند کرے۔