خبرنامہ کشمیر

کشمیر یونیورسٹی کے فائنل ائیرکے طلباء کا پریس کالونی میں احتجاجی دھرنا

سری نگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر یونیورسٹی کے فائل ائیر کے طلباء نے ایک بار پھر پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا اور یونیورسٹی حکام سے امتحانات سے قبل نصاب میں پچاس فیصد چھوٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔ کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے فائنل ائر کیلئے مشتہر شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق 10جنوری سے یونیورسٹی کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں یونیورسٹی نے تمام انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی ہے ۔ امرسنگھ اور دیگر کالجوں کے طلباء نے پریس کالونی سرینگر میں جمع ہو کر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور نصاب میں چھوٹ کا مطالبہ کیا ۔ طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرے میں شامل طلبہ نے صحافیوں کو بتایا کہ تعلیمی سال کے دوران صرف 20 فیصد سلیبس مکمل کیا گیاہے اور کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے جاری کی گئی ڈیٹ شیٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نصاب میں کتنی چھوٹ دی گئی ہے۔احتجاج میں شامل طلبا نے کہا کہ جس طرح کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن اور دیگر تعلیمی اداروں نے امتحانات کے انعقاس سے قبل نصاب میں چھوٹ دی تھی اسی طرح انہیں بھی ریلیف دیا جانا چاہیے ۔