خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج اب کشمیریوں پر ’’بدبو بم‘‘ استعمال کرے گی

سری نگر(ملت آ ن لائن)بھارت نے نہتے کشمیریوں پر تشدد کرنے اور انہیں اذیت پہنچانے کا ایک اور طریقہ ڈھونڈ لیا ہے اور اب بھارتی فوجی کشمیریوں پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس شیل کے ساتھ ’بدبو بم‘ سے بھی حملے کریں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں پرفیوم تیار کرنے والی معروف کمپنی کنوج نے بھارتی فوج کو مطلع کیا ہے کہ اس نے ایسی خطرناک بدبو تیار کی ہے جس سے پتھراؤ کرنے والے کشمیریوں کو دور رکھا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے فریگرینس اینڈ فلیور ڈویلپمنٹ سینٹر(ایف ایف ڈی سی) کے ماہرین نے خاص طور پر یہ ناگوار بو تیار کی ہے جسے ایک کیپسول میں بند رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برہان وانی کی برسی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی قافلے پر حملہ

ایف ایف ڈی سی کے پرنسپل ڈائریکٹر ونے شکلا نے بتایا کہ خاص طور پر تیار کیا گیا کیپسول جب مظاہرین پر پھینکا جائے گا تو وہ پھٹے گا اور اس سے ایسا بدبو دار دھواں اٹھے گا جو ناقابل برداشت ہوگا اور مظاہرین کو فوجیوں سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور یونین منسٹر برائے ڈیفنس کی جانب سے تمام ضروری جانچ، اجازت، منظوری اور کلیئرنس ملنے کے بعد ان کیپسول کو بھارتی فوجیوں کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج پیلیٹ گنز کا استعمال کرتی ہے جس کے چھروں سے سیکڑوں کشمیری مکمل یا جزوی طور پر بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ پیلیٹ گنز کے استعمال پر شدید تنقید کی جاتی ہے اور اس سے قبل مظاہرین پر مرچوں کے اسپرے کی تجویز بھی زیر غور آ چکی ہے۔