خبرنامہ کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کا شہدائے سوپور کو خراج عقیدت

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے شہدائے سوپور کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقدیت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے 6 جنوری1993 کو سوپور قصبے میںآگ لگا کر 60 سے زائد شہریوں کو شہید جبکہ ساڑھے تین سو سے زائد رہائشی عمارات اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اپنے ایک اجلاس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو جیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے اور 8 جولائی 2016 ء سے نہتے کشمیریوں کے خلاف جبر و استبدا دکے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار نے اپنی فورسز کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے ۔