خبرنامہ کشمیر

کمسن آصفہ کی بے حرمتی اور قتل میں ملوث پولیس اہلکار کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

کمسن آصفہ کی بے حرمتی اور قتل میں ملوث پولیس اہلکار کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ضلع کٹھوعہ میں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی طرف سے کمسن آصفہ کی بے حرمتی اور قتل میں ملوث پولیس اہلکار دیپک کھجوریہ کے حق میں ریلی نکالنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پولیس کی کرائم برانچ کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیپک کھجوریہ نے آصفہ کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کو بے رحمی سے قتل کردیاہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل میں جوبھی ملوث ہو اس کو سزائے موت دی جانی چاہیے جس طرح پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے حرمتی اور قتل کے کیس کی سماعت صر ف چار دن میں مکمل کرلی اور مجرم کو سزائے موت دی ۔بیان میں کہاگیا کہ ہندو ایکتا منچ کی قیادت میں ایک مجرم کے حق میں ریلی نکالنے کے بجائے ان لوگوں کوکیس کی تحقیقات جلد سے جلد مکمل کرکے عدالت میں چالان پیش کرنے اور روزانہ کی بنیاد پرکیس کی سماعت کا مطالبہ کرناچاہیے تھا۔ لیکن ہندو ایکتا منچ نے مجرم کے حق میں ریلی نکالی جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی جو شرمناک ہے ۔ بارایسوسی ایشن نے پولیس اہلکار کے ہاتھوں کم سن بچی کی بے حرمتی اور قتل کو غیر انسانی اور ظالمانہ فعل قراردیتے ہوئے کیس کی تحقیقات کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے اور سماعت جلد مکمل کرکے مجرم کوسزائے موت دینے کا مطالبہ کیاہے۔