خبرنامہ کشمیر

کم عمر بچی کی آبروریزی اور قتل کے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

کنٹرول لائن پر

کم عمر بچی کی آبروریزی اور قتل کے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

جموں(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں خطے کے علاقے ہیرا نگر میں حال ہی میں آبروریزی اور قتل کا نشانہ بننے والے آٹھ سالہ بچی آصفہ کے حق میں رام بن میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد، غیر سرکاری تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے ایک مشعل بردارجلوس نکالا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جلوس کے شرکا نے کم عمر بچی کی آبروریزی اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے دلدوز واقعے کے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ جلوس کے شرکا ء نے پلے کارڑز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر المناک واقعے کی فوری اور صاف و شفاف تحقیقات اور مجرموں کو سخت دینے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔انسانی حقوق کے کارکن تیرتھ سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ جو لوگ واقعے کے مجرموں کی حمایت کر رہے ہیں وہ انسان کہلانے کے مستحق نہیں اور انکا یہ عمل انتہائی شرمناک ہے۔ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر محمد تسکین وانی نے ریلی کے شرکا سے خطاب میں کم عمر بچی کی آبروریزی اور قتل کو انسانیت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم مجرموں کو بلا تفریق مذہب سخت سزا دینے کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے مقتول بچی کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ مشعل بردار جلوس مختلف راستوں سے گزرنے کے بعد ڈاک بنگلہ رام بن پر اختتام پذیر ہوا۔