خبرنامہ کشمیر

کنٹرول لائن پر کشیدگی سنگین مسئلہ ہے، بھارتی مذاکرات کار

کنٹرول لائن پر

کنٹرول لائن پر کشیدگی سنگین مسئلہ ہے، بھارتی مذاکرات کار

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نامزد کردہ مذاکراتکار دنیشور شرما نے اپنی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ کنٹرول لائن پر کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دنیشور شرما نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ سرحد پر حالیہ کشیدگی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہو ں نے کہاکہ میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہیں کرسکتا بلکہ یہ حکومت وقت کا کام ہے کہ وہ مذاکرات کرے۔ دنیشور شرما نے کہا کہ وہ فریقین کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے کشمیر آرہے ہیں اور وہ کشمیریوں سے بات کررہے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات حکومت کوکرنے ہیں۔ شرما نے جموں وکشمیر کے پانچویں دورے کے بارے میں کہاکہ ان کا دورہ بہت سودمند رہا اور وہ بہت مطمئن ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد کے آرپارشدید گولہ باری کے بارے میں دنیشور شرما نے کہاکہ وہ پاکستان کے ساتھ بات نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں زمینی حقائق ہر جگہ پر یکساں ہیں اور جنوبی کشمیر ، شمالی کشمیر اور وسطی کشمیر کی صورتحال میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ لوگوں کو ہرجگہ پر ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ دنیشور شرماکا کشمیر کاتین روزہ دورہ ہفتے کو ختم ہوا۔