خبرنامہ کشمیر

کوئٹہ دہشت گردی ملک کو کمزور کرنے کی ایک بہت بڑی بیرونی سازش ہے

میرپور(ملت + آئی این پی)مسلم لیگ (ن) آزادکشمیرکے رہنماء اورنگزیب مغل نے کہا ہے کہ کوئٹہ دہشت گردی ملک کو کمزور کرنے کی ایک بہت بڑی بیرونی سازش ہے دشمن ممالک پاکستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرکے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر میں شہید ہونے والے اہلکاران ٹریننگ کے دوران ملک کی خاطر شہید ہوئیپاکستان و آزادکشمیر کے عوام شہید ہونے والے پولیس اہلکاران کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے جب تک ملک سے آخری دہشت گرد کو ختم نہیں کر دیا جاتا اس وقت تک پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اورنگزیب مغل نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ممالک کسی بھی صورت اپنی اس گھناؤنی سازش میں کامیاب نہیں ہونگے پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر مکمل طورپر ٹوٹ چکی ہے گنے چنے دہشت گرد اپنے گھناؤنے مقاصد کی تکمیل کیلئے سفاکانہ کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ملک کا ہر کونہ محفوظ اور پرامن ہوگا پاکستان کے عوام ہزاروں قربانیاں دینے کے باوجود ملک کے استحکام اور امن و امان قائم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے پاکستان کے سب سے بڑے بحران دہشت گردی کیخلاف گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ ضرب عضب آپریشن کے دوران کئی بڑے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے ۔ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی قیادت میں بہت جلد پاکستان کو دہشت گردی کے اس ناسور سے نجات دلاکر دم لینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے کوئٹہ جیسے سانحات میں شہید ہونے والے افراد پاکستان کے عوام جن کی شہادت کے طفیل بہت جلد پاکستان امن و امان کے حوالہ سے ایک پرامن ملک بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی طرف سے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ ایک بزدلانہ کردار ہے ہمارا دشمن ایک بزدل اور مکار ہے جو چھپ کرنہتے عوام پر وار کرتا ہے جبکہ افواج پاکستان کے ایک سپاہی سے مقابلہ کرنے کی سکت اس کے پاس موجود نہیں ہے ۔