خبرنامہ کشمیر

کولگام: مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض حکام نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کی طرف مارچ کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے اتوار کے روز ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے چھ کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے دی ہے ۔ انتظامیہ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو کولگام کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کیلئے گرفتار کرلیا ۔ لبریشن فرنٹ کے ترجمان کے مطابق پولیس نے گزشتہ شب مائسمہ میں یاسین ملک کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا۔ انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظربندکردیاہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی پہلے ہی سے گھر میں نظربند ہیں۔ بھارتی پولیس کی بھاری تعداد کو سیدعلی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کی رہائش گاہوں کے باہر تعینات کردیاگیا ہے تاکہ وہ مارچ کی قیادت کیلئے گھر سے باہر نہ نکل سکیں۔