خبرنامہ کشمیر

کوٹلی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم ایک شخص جاں بحق

کوٹلی ….. کوٹلی میں پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے ۔ نکیال میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم اس وقت شروع ہوا جب کالج گراؤنڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ورکر کنونشن کا انعقاد کیا ، پیپلزپارٹی کے کارکن ڈگری کالج نکیال کے گراؤنڈ میں جمع ہوئے تو مسلم لیگ ن کے کارکنان نے پتھراؤ شروع کر دیا جس کی زد میں منشی خان نامی شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے ، جوابی پتھراؤ سے مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی زخمی ہو گئے جس پر موقع پر موجود پولیس نے دونوں گروپوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس پر پورے شہر میں گیس پھیل گئی جس سے متعدد افراد متاثر ہوئے ۔ واقعہ کے بعد پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو کیا ۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے آزادکشمیر کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملے کے نتیجے میں پارٹی کار کن کی شہادت پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ اتنا ظلم کرے جتنا کل برداشت کر سکے ۔ بلاول بھٹو نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٰج کا سانحہ نواز لیگ کے وزراء کے اس اشتعال انگیز زبان کا نتیجہ ہے جو وہ جلسوں میں استمعال کر رہے ہیں ۔اس قسم کی سیاست کے اثرات سے مسلم لیگ ن بھی نہیں بچ سکے گی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز لیگ کے ہاتھوں شہید کارکن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کے پرامن کارکنوں پر حملہ کر کے اپنی آمرانہ سوچ کی عکاسی کی گئی ہے ۔