خبرنامہ کشمیر

کٹھوعہ میں ننھی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف لال چوک اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

کٹھوعہ میں ننھی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف لال چوک اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری تاجروں نے جموں کے ضلع کٹھوعہ میں گوجر بکروال برادری سے تعلق رکھنے والی آٹھ سالہ کمسن بچی آصفہ بانو کی عصمت دری اور قتل کے خلاف لال چوک اسلام آباد میں آل ٹریڈرز فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ ماہ ضلع کٹھوعہ میں ایک اسپیشل پولیس افسر نے آٹھ سالہ ننھی آصفہ کی بے حرمتی کرنے کے بعد اسے قتل کر کے لاش جھاڑیوں میں پھینک دی تھی ۔ ریلی میں کشمیری تاجروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے آصفہ کے قاتل کو پھانسی دواور لواحقین کو انصاف دو جیسے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ انہوں نے انصاف کے حصول کی غرض سے ہاتھوں میں پلے کارڈ زبھی اٹھا رکھے تھے۔ریلی ٹریڈرز آفس سے شروع ہو کر لال چوک سے گذرتے ہوئے ضلعی ترقیاتی کمشنر کے دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء نے ایڈیشنل کمشنر کوایک یادداشت بھی پیش کی۔ اس موقع پر اسلام آباد ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمسن آصفہ کی عصمت دری اور قتل کے بعد جموں کے علاقے کٹھوعہ میں حالات انتہائی خراب ہیں اورہندو انتہا پسندوں کی طرف سے گوجر بکروال طبقہ کومسلسل ہراساں اور خوف زدہ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سانحے میں ملوث شخص کے حق میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے ترنگا ریلی نکالنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے اس واقعے کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث اہلکار کے خلاف قرارواقعی سزا کا مطالبہ کیا اور اس سانحے پر بھارتی ذرائع ابلاغ کی سرد مہری پر افسوس ظاہر کیا ۔