خبرنامہ کشمیر

کٹھ پتلی انتظامیہ آسیہ اندرابی کو بیٹے کی شدید علالت کے باوجودرہا نہیں کر رہی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے پارٹی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دے رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی کو رواں بر س چار اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا جسکے بعد کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں بارہمولہ سب جیل میں نظر بند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نظر بندی کے سبب آسیہ اندرابی کی صحت بہت بگڑ چکی ہے اور انہیں معقول طبی امداد فراہم نہیں کی جا رہی۔ ناہیدہ نسرین نے کہا کہ آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو بھی ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کو سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ انکے چھوٹے بیٹے احمد بن قاسم کو پیر کے روز پیٹ میں شدید تکلیف کے سبب سرینگر کے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی بیماری اور آپریشن کے شواہد بھی منگل کے روز عدالت پیش کیے گئے لیکن انتظامیہ نے انکی رہائی کے حوالے سے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش نہیں کیا تاکہ نظر بندی کو طول دیا جاسکے۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ دختران ملت کی جنرل سیکرٹری فہمیدہ صوفی بھی غیر قانونی طور پر مسلسل نظر بند ہیں اور انکا کیس بھی 27اکتوبر سے عدالت میں زیر التوا ہے۔دریں اثنا ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آسیہ اندرابی کے فرزند احمد بن قاسم کی صحت کی خرابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے ۔ترجمان نے بیٹے کی بیماری کے باجود آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظر بندی ختم نہ کرنے پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر پارٹی کے ایک وفد نے صورہ ہسپتال میں احمد بن قاسم کی عیادت کی۔