خبرنامہ کشمیر

کٹھ پتلی انتظامیہ تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کو رہا کرے،ظفر اکبر بٹ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفراکبربٹ نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دے رہی ہے۔ انہوں نے تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں شبیراحمدشاہ ، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو،آسیہ اندرابی ،مسرت عالم بٹ،بشیر احمد بٹ،،ا یاز اکبر ، نور محمد کلوال اور شکیل احمدبٹ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انکے گھروں میں گئے ۔ ظفر اکبر بٹ نے، جنہیں چھ ماہ کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد حال ہی میں پیرول پر رہا کیا گیا، اس موقع پر اپنی بات چیت میں کہا کہ حریت رہنماؤں،کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی کو انتہائی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تمام سابقہ ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جبر وا ستبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلندہیں اور وہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو اور آسیہ اندابی کے علیل فرزند کی عیادت اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی شدید علالت کے باوجود اسکے والدین کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی انتہائی قابل مذمت ہے ۔ دریں اثناء ظفر اکبر بٹ ایک وفد کے ہمراہ مونچھواہ بھی گئے اور ممتاز مجاہد کمانڈر شہید محمد مقبول الہیٰ کی والدہ کے ایصال ثواب کے حوالے سے منعقدہ ایک دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔