خبرنامہ کشمیر

کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ،حریت فورم

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے نہتے کشمیری عوام خاص طورپر نوجوانوں کو بھارتی فورسز کی طرف سے ڈرانے، دھمکانے ،انہیں خوف زدہ کرنے اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے انکے خلاف اعلان جنگ کررکھا اور کشمیری عوام کے تمام حقوق کو بے دردی سے پامال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شائد ہی کوئی شخص ایسا ہو جسے بھارتی فورسز ظلم وتشدد کا نشانہ نہ بنایا ہو۔انہوں نے کہاکہ حالیہ انتفاضہ کے دوران تحریک آزادی کو دبانے کیلئے کشمیر کے طول وعرض میں ایک سو دس سے زائد افراد کو شہید اور ہزاروں کو شدید زخمی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتارکیاگیا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ ظلم و جبر بدترین ریاستی دہشت گردی ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بدنام زمانہ کالے قوانین کی مار جھیلنے کے باوجود محب وطن کشمیری عوام خاص طور پر نوجوانوں کا جذبہ حریت اور قوت مزاحمت قابل صد تحسین ہے۔ انہوں نے کشمیر اور کشمیر سے باہر مختلف جیلوں اور حراستی مراکز میںآزادی پسند سیاسی قیدیوں اور نظر بندوں جن میں حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے کی حالت زار کو بے حد تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شدید سردموسم میں بھی انہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ور زی ہے۔ ترجمان نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری عاشق احمد پر چوتھی مرتبہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ، اشٹنگو بانڈی پورہ میں پولیس اور فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے چھاپوں کے دوران بڑے پیمانے پر گھروں کی توڑ پھوڑ اورپر تشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے متبرک مہینے میں بھی حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاورق اور دیگر کی نظر بندی انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔